حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے آستان قدس رضوی کے ادارہ غیر ملکی زائرین کے سربراہ سید محمد جواد ہاشمی نژاد نے اس سلسلے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پچھلے ڈیڑھ سال میں جب سے ہسپانوی زبان کا شعبہ اس ادارہ میں کھلا ہے لاطینی ، شمالی اور مرکزی امریکہ کے ملکوں کے ہسپانوی زبان بولنے والے پینتیس افراد نے بارگاہ امام رضا علیہ السلام سے سائبر اسپیس رابطے کے ذریعہ دین مبین اسلام قبول کیا ہے۔ ان افراد میں سے ۲۸ افراد کا تعلق کولمبیا،وینزویلا،اسپین،پیراگوئے،چلّی،نکیاراگوا اور لبنان سے ہے جو رواں سال کی ابتدا سے اب تک مسلمان ہوئے ہیں ان میں ۶۵ فیصد خواتین تھیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انٹر نیٹ ویب سائٹوں پر مذہبی اور دینی معلومات سے بھرپور مواد منجملہ اسلام اور عیسائیت کے تقابلی جائز ے سے متعلق مقالے اور معلومات کو پڑھنے اور پھر دین اسلام کی تعلیمات کا گہرائی سے مطالعہ نیز قرآنی آیات کا ترجمہ پڑھنے اور ان کا ادراک کرلینے کے بعد ہی اس طرح کے افراد دین مبین اسلام کو اپنی مرضی اور قلبی لگاؤ سے قبول کرتے ہیں۔
ہاشمی نژاد کا کہنا تھا کہ ہسپانوی زبان بولنے والے ان لوگوں کی جانب سے دل سے اسلام قبول کرنے کی درخواست کے بعد ان کا حرم مطہر سے صوتی او ر تصویری رابطہ کرایا گیا تاکہ وہ شہادتین جاری کر کے اسلام قبول کرنے کا اعلان کريں۔ اس کے بعد ان نو مسلم افراد کو ہسپانوی زبان میں اسلام اور احکام سے متعلق دینی کتابیں اور قرآن کریم کی نفیس جلدوں کی شکل میں مذہبی تحائف ارسال کئے گئے ؛ اس کے علاوہ ان کے ساتھ باقاعدہ سائبر اسپیس کے ذریعہ رابطہ رکھا جاتا ہے اور ثقافتی، عقیدتی اور دینی احکام کی تعلیم سے متعلق کتابیں اور دیگر لٹریچر بھیجے جاتے ہيں ۔
ہاشمی نژاد نے بتایا کہ رواں عیسوی سال کے دوران جن دیگر ۱۵ افراد نے اسلام قبول کیا درحقیقت یہ لاطینی امریکا کے ملک السلواڈور میں واقع آستان قدس رضوی کے اسلامی مرکز کے ساتھ رابطہ اور انہیں بھیجے گئے مطالب کی وجہ سے ممکن ہوا اور ان تمام افراد نے حرم مطہر رضوی کے ساتھ لائیو ویڈیو لینک کی صورت میں زبان پر کلمہ شہادتین کو جاری کیا ۔
بلاشبہہ مشہد الرضا دنیا کا روحانی و معنوی مرکز اور ثقافتی دارالحکومت ہے ؛ ایسی نورانی بارگاہ جو ہمیشہ سے زائرین و محبین آئمہ اطہار(ع) کی پناہ گاہ اور اس چوکھٹ کی خاک درمندوں کی آنکھوں کا سرمہ ہے۔
امام علی بن موسیٰ الرضا علیہ السلام کے بابرکت وجود کی وجہ سے لاکھوں زائرین و مجاورین کی نگاہیں ہر وقت اس نورانی بارگاہ کی طرف رہتی ہیں ایسی بارگاہ جسے خداوند متعال نے قدر و منزلت عطا فرمائی اور پیغمبر اسلام(ص) نیز ان کے خاندان بیت الشرف کی شان و منزلت قرآن کریم میں (فِي بُيُوتٍ أَذِنَ اللَّهُ أَنْ تُرْفَعَ وَ يُذْكَرَ فِيهَا اسْمُهُ يُسَبِّحُ لَهُ فِيها بِالْغُدُوِّ وَ الْآصالِ «آیه 36 سوره نور») کی شکل میں بیان ہوئی ہے یہی وجہ ہے کہ پوری دنیا کے چاہنے والوں کی نگاہیں اس بارگاہ کی طرف ہیں اور اس بارگاہ کی محبت بھری آغوش بھی ہمیشہ اپنے چاہنے والوں کے لئے کھلی ہے۔
حضرت امام علی رضا علیہ السلام کا حرم مطہر روحانی و معنوی ماحول کی وجہ سے ہمیشہ مسلمانوں کا مرکز توجہ بنا رہا ہے اور لوگ اس کی جانب کھنچتے چلے آتے ہيں
اسلامی انقلاب کے بعد سے نو مسلم افراد کے امور کی تمام ذمہ داریاں آستان قدس رضوی کے ادارہ غیرملکی زائرین و اور ارتباطات اسلامی جیسے ادارے کو سونپ دی گئی ہیں ، علاوہ ازیں غیر مسلم افراد جو اسلام قبول کرنا چاہتے ہیں انہیں دین مبین اسلام اور مذہب حقہ تشیع کے بنیادی اصولوں سے روشناس کروانے کے بعد اگر وہ چاہتے ہیں تو علماء کی موجودگی میں زبان پر شہادتین کو جاری کرتے ہوئے دین مبین اسلام اور مذہب تشیع کو اختیار کرلیتے ہیں ۔
یہ سلسلسہ اسی طرح چلتا آرہا رہا یہاں تک کہ پچھلے سال منحوس کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے جس سے پوری دنیا متاثر ہوئی ؛ غیرملکی مسلم اور غیر مسلم زائرین کا سلسلہ رک گیا۔
تاہم آستان قدس رضوی کے غیرملکی زائرین کے ادارے نے ملک میں موجودہ حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے سائبر اسپیس اور میڈیا کے وسائل فراہم کئے تاکہ دین اسلام قبول کرنے کی خواہش رکھنے والے افراد جو شہادتین کو حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی بارگاہ میں حاضر ہو کر جاری کرنا چاہتے ہیں آن لائن زیارت کرسکیں اور اس بارگاہ میں دین اسلام سے مشرف ہوسکيں ۔